بھونگ انٹرچینج کی تعمیر، آئینی بینچ نے از خود نوٹس نمٹا دیا

پیر 25 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ میں بھونگ انٹرچینج کی تعمیر پر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت اور این ایچ اے کے بیانات کے تناظر میں از خود نوٹس نمٹا دیا۔

سماعت کے دوران وکیل رئیس منیر نے موقف اپنایا کہ بھونگ میں ہندو مندر جلائے جانے پر یہ از خود نوٹس لیا گیا تھا، کیس سماعت کے دوران بھونگ ایریا تک رسائی کا ایشو سامنے آیا۔

وکیل رئیس منیر نے کہا کہ بھونگ تک رسائی کے لیے پولیس اور انٹرچینج کے معاملات اٹھے تھے، عدالت نے رسائی کے لیے بھونگ  انٹرچینج کی تعمیر کا حکم دیا۔ زمین کے کچھ حصہ کی ایکوزیشن رہتی جو ڈی سی نے کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: لاپتا بچوں کا معاملہ، سپریم کورٹ آئینی بینچ نے تمام آئی جیز اور سیکریٹریز داخلہ کو طلب کرلیا

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ پھر پنجاب حکومت سے پوچھ لیتے ہیں، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ بھونگ میں ایس پی آفس بنا دیا گیا ہے۔ انٹرچینج کی تعمیر کے لیے فنڈز وفاقی حکومت نے جاری کرنا ہیں۔

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے وکیل نے کہا کہ بھونگ انٹر چینج کا کنڑیکٹ دیا جاچکا ہے، بھونگ انٹر چینج کے لیے فنڈز مختص ہوچکے ہیں۔ جس پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ اگر فنڈز مختص ہو گئے ہیں تو پھر بات ختم، اسکوجلد مکمل کریں۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کہاں انٹر چینج بننا ہے کہاں نہیں پالیسی میکر نے فیصلہ کرنا ہے۔ جس پر رئیس ابراہیم کے وکیل نے کہا کہ ہمیں رئیس منیر کی جانب سے زمین دینے پر اعتراض ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے معاملے پر آئینی بینچ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی الجھن کا شکار کیوں؟

آپ کون ہیں، جسٹس مندوخیل نے رئیس ابراہیم کے وکیل سے استفسار کیا جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری درخواست کو ابھی نمبر نہیں لگا۔

جسٹس امین الدین نے کہا کہ اگر نمبر نہیں لگا تو پھر آپ رہنے دیں، یہ کہتے ہوئے عدالت نے پنجاب حکومت اور این ایچ اے کے بیانات کے تناظر میں از خود نوٹس نمٹا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp