پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو اور ترجمان مشعال یوسف زئی جس طرح کے بیانات دے رہی ہیں، اس سے پارٹی رہنماؤں کو تکلیف ہورہی ہے، عمران خان نوٹس لیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی ترجمان اور ان کی بہن کا جو بیانیہ سامنے آرہا ہے وہ سنگین ہے، مشعال یوسف زئی سے میری بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ بحیثیت ترجمان بیانات دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کی ‘کمپرومائزڈ’ قیادت کے بجائے عمران خان کا زیادہ اعتماد اہلیہ پر ہے، بشریٰ بی بی کی معاونین کا دعویٰ
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کے رابطے ایجنسیوں کے سابق کارندوں سے ہیں، لیڈر شپ کو برا بھلا کہنے سے بے بسی اور مایوسی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر وقت طعنے، شکوے اور الزامات لگانے سے لوگوں کے حوصلے ٹوٹ رہے ہیں، بشریٰ بی بی کی بہن کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، ہم ایسے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیتے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہماری توپوں کا رخ ظلم و زیادتی کرنے والوں کے خلاف ہونا چاہیے تھا، اس سے قبل کہ بیانات کی جنگ شروع ہوجائے، قیادت کو نوٹس لینا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر احتجاج کی ذمہ داری میرے پاس ہوتی تو میں ملک گیر احتجاج کی کال دیتا، ہمیں اگلے ہی روز لائحہ عمل کا اعلان کردینا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی کیا بات ماننے سے انکار کیا؟ مشعال یوسف زئی کا نیا انکشاف
شیر افضل مروت نے کہاکہ یہ کہنا کہ لیڈرز کی لاشیں کیوں نہیں گریں درست نہیں، کیونکہ گولی نے تو تمیز نہیں کرنی تھی۔ ہمارا احتجاج ناکام نہیں ہوا بلکہ کارکنوں پر گولیاں برسانے سے ریاست کی ناکامی ہوئی ہے۔