’پاکستان بھارت نہ آئے، کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ہربھجن سنگھ

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مخالف بیانات دینے والے بھارت کے سابق ٹیسٹ اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت مت آئے ان کے بھارت نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی پر بھارت کے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو سخت مؤقف اپنایا ہے اس پر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اگر پاکستان کو لگتا ہے کہ ان کے نہ آنے سے بھارت میں جو ٹورنامنٹ ہو رہا ہے اسے فرق پڑ رہا ہے تو آپ کی سوچ ہے، آپ بھارت نہ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی: ہربھجن سنگھ کی بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل زہر افشانی

ہر بھجن سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ  چیمپیئنز ٹرافی ہونی چاہیے اس میں انا آڑے نہیں آنی چاہیے، ہائبرڈ ماڈل میں کھیلیں، بھارتی کھلاڑی دبئی اور ابوظہی میں کھیلنے کو تیار ہیں تاکہ شائقین کرکٹ دیکھ سکیں۔ بھارت اور پاکستان کے میچ ویسے ہی کم ہوتے ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا تھا اور ابھی بھی حالات کچھ مختلف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شائقین ویرات کوہلی جیسے دیگر بھارتی سپر اسٹارز کو نہیں دیکھ پا رہے جس کا انہیں دکھ ہے لیکن ہندوستان اپنی ٹیم اس وقت پاکستان نہیں بھیج سکتا۔

انٹرویو میں ہربھجن سنگھ نے ماضی کے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پاکستان آئے تھے تو پاکستان کی جانب سے شاندار میزبانی کی گئی تھی، وہ بازار جاتے تھے تو وہ ان سے کھانے کے پیسے نہیں لیے جاتے تھے جبکہ لوگوں نے انہیں تحفے بھی دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی شائقین پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں نہیں دیکھنا چاہتے‘ ہربھجن سنگھ

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اب پاکستان بھی چیمپیئنز ٹرافی اپنے ہی ملک میں کرانے کے اصولی مؤقف پر ڈٹ گیا ہے اور حکومت پاکستان کی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھ کر ہائبرڈ ماڈل کا آپشن یکسر مسترد کر دیا ہے اور یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اگر بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہ آیا تو پھر پاکستان کہیں بھی اور کسی بھی ٹورنامنٹ میں بھارت سے نہیں کھیلے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp