زمبابوے کے خلاف 3 ٹی20 کرکٹ سیریز کےدوسرے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ بنانے والے پاکستان کے ابھرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے اسپن بولرسفیان مقیم کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے علاقے بلوچ سے ہے۔
سفیان مقیم 15 نومبر1999 کو پیدا ہوئے، انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں پاکستان کی قومی ٹیم میں بطوراسپن بولراپنے کرکٹ کیریئرآغاز کیا۔
5 فٹ 7 انچ قد رکھنے والے سفیان مقیم کی عمراس وقت تک 25 سال 18 دن ہے اور وہ بائیں ہاتھ کی کلائی سے اسپن بولنگ کرتے ہیں، سفیان مقیم نے اس وقت تک پاکستان کی طرف سے 7 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں اور 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
گرین شرٹس کی جانب سے سفیان مقیم نے چین کے ہانگچو شہر میں ہانگ کانگ کے خلاف 2023 کی ایشین گیمز کے دوران اپنے انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں ڈیبیو کیا، چین کے دورے کے دوران سفیان مقیم نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی 4 وکٹیں حاصل کیں اور قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے اپنی جگہ بنائی اس کے بعد انہیں آسٹریلیا کے دورے کے دوران پاکستانی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا، جہاں وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، اس دورے میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سفیان مقیم نے ڈومیسٹک کرکٹ بھی بہت کم کھیلی ہے لیکن نا کافی تجربہ رکھنے کے باوجود ان کی بولنگ کی اعلیٰ صلاحیت کو دیکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم میں بطوراسپن بولرشامل کیا گیا، سفیان مقیم نے پی ایس ایل میں صرف 5 میچ کھیلے ہیں جہاں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے صرف 4 وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم سفیان مقیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ہی اپنی کارکردگی کے جوہردکھائے اور20 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
اسی طرح سفیان مقیم نے دوسرے ٹی20 میچ میں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے 2.4 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جانب سے عمر گل کے بعد نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا، سفیان مقیم کے عمدہ بولنگ اسپیل کی بدولت پاکستان زمبابوے کو 57 رنزکے کم ترین اسکور تک محدود رکھنے میں کامیاب ہوا اور یوں پاکستان نے میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔
سفیان مقیم نے 2023 میں چین میں ایشین گیمز کے دوران اپنے کیرئیر کے آغاز کے دوران 61 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم وہ 2024 میں دورہ آسٹریلیا کے دوران 5 اوورز میں 30 رنز دے کر صرف 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
2024 میں ہی دورہ زمبابوے کے دوران اس وقت تک 2 میچ کھیل کرسفیان مقیم ٰ6.4 اوورزمیں 23 رنزدے کر 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ سیریز کا ایک میچ ابھی بھی باقی ہے، دورہ زمبابوے سفیان مقیم کے کیرئیر کے لیے انتہائی خوش کن ثابت ہوا ہے۔
سفیان مقیم نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے اس وقت تک 6 میچوں میں 303 رنز دے کر10 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کا سب سے عمدہ بولنگ اسپیل 36 رنز پر 3 وکٹیں ہیں۔