مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی مشنز، تنظیموں اور میڈیا کو رسائی حاصل نہیں، مشعال ملک

منگل 10 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی تنظیموں، انٹرنیشنل میڈیا یا فیکٹ فائنڈنگ مشنز کو رسائی حاصل نہیں۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابات کا ڈھونگ رچایا لیکن مقبوضہ کشمیر کے الیکشن میں کسی کشمیری نے حصہ نہیں لیا، اس الیکشن میں سب گھوسٹ ووٹرز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک کا عدالتی قتل رکوایا جائے، مشعال ملک کا بھارتی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو خط

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے، نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی بڑھتی جارہی ہے، کشمیریوں کے خلاف نسل کشی کا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا گیا، بھارت میں کھلے عام قتل کا جشن منایا جارہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج انسانی حقوق کا عالمی دن ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ریاستی دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مظلوموں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کے باوجود وہ مطمئن نہیں، دنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری عوام ہیں، بھارت ان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا انتخابی ڈراما فلاپ ہوگیا، مشعال ملک

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آج کشمیریوں اور فلسطینیوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے، کشمیریوں کو عالمی کرفیو کا سامنا ہے، فلسطین میں بھی ظلم ڈھایا جارہا ہے لیکن کشمیر میں حالات اس قدر بدتر ہیں کہ وہاں سے کوئی فوٹیج ہی منظرعام پر نہیں آرہی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں، کشمیریوں کی کوئی سیاسی قیادت نہیں، وہاں پر انٹرنیشنل میڈیا، اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ مشنز یا انسانی حقوق کی تنظیموں کو رسائی حاصل نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp