نامور پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور مصنف ڈاکٹر خالد سعید بٹ لاہور میں انتقال کرگئے۔ انہیں بعد نمازِ جمعہ کیویلری گراؤنڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
نامور فنکار خالد عثمان بٹ نے ٹوئٹر پر اپنے والد اور ماضی کے مایہ ناز اداکار اور ہدایت کار ڈاکٹر خالد سعید بٹ کے انتقال کی افسوسناک خبر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پیارے والد محترم ڈاکٹر خالد سعید بٹ 13 اپریل کی رات انتقال کرگئے۔
’مرحوم نے آرٹ اور ثقافت کے شعبہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ وہ ایک مایہ ناز اداکار، ہدایتکار اور ٹی وی اور اسٹیج جیسے ذرائع ابلاغ کے لیے قلمکار بھی تھے۔ انہوں نے بہت سے مایہ ناز اداکاروں کو ٹیلی ویژن پر متعارف کرایا اور بے شمار اعزازات اپنے نام کیے۔‘
عثمان خالد بٹ نے مختلف سلسلہ وار ٹوئیٹ میں اپنے مرحوم والد کی فن و ثقافت کے لیے خدمات سے بھی سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کیا۔

ڈاکٹر خالد سعید بٹ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے بانی ڈائریکٹر جنرل ہونے کے علاوہ لوک ورثہ، نیشنل ہجرہ کونسل اور نیف ڈیک جیسے اداروں کی سربراہی کا بھی اعزاز اپنے پاس رکھتے تھے۔
فنون لطیفہ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان انہیں پرائڈ آف پرفارمنس جب کہ فرانسیسی حکومت کی جانب سے آرڈر آف آرٹس اینڈ لیٹرز ایوارڈ کیے جاچکے تھے۔
’اللہ ان کے درجات بلند کرے۔ برائے مہربانی ان کی مغفرت کی دعا کریں۔ ان کی وفات ایک عظیم نقصان ہے۔‘














