اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جناح ایونیو انڈر پاس 25 دسمبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج کے دورے کے دوران کہا کہ جناح ایونیو انڈر پاس 25 دسمبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں کون سے اہم ترین ترقیاتی پراجیکٹس شروع ہوچکے ہیں؟
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے انڈر پاس کو صرف 43 دنوں میں مکمل کرنے پر ٹھیکیدار اور اسلام آباد انتظامیہ کو سراہا اور کہا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹر چینج فلائی اوور اور لوپس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد فروری کے دوسرے ہفتے میں ٹریفک کے لیے مکمل کھول دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کی تکمیل کے لیے 100 دن کی ڈیڈ لائن دی تھی، منصوبے کے 2 حصے ہیں انڈر پاس اور فلائی اوور ہیں۔
دوسری جانب سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ انڈر پاس 43 دن بعد مکمل ہو جائے گا جبکہ فلائی اوور بھی مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 2 اہم پراجیکٹس کی تعمیر، اب شہری کن راستوں پر سفر کیا کریں گے؟
دریں اثنا وزیر نے سرینا انٹرچینج پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ اس کا افتتاح جنوری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا، اس پراجیکٹ پر 60 دنوں میں کام مکمل ہوجائے گا۔
وزیرداخلہ نے دونوں پراجیکٹس کام کرنے والے کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے کام کی تعریف کی، انہوں نے محنت کشوں، ٹھیکیداروں اور سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسی جوش اور جذبے سے کام جاری رکھیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،ان میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایسے نہیں ہو سکتا‘، شہباز شریف سرکاری ادارے کو ٹھیکا دینے پر غصہ میں آگئے، کمشنر اسلام آباد کو ڈانٹ دیا
سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، سی ڈی اے کے سینیئر افسران اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔