فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے 6 ہفتے کے اسقاط حمل پر پابندی کے قانون پر دستخط کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل کے مخالفین کا کہنا ہے کہ 6 ہفتے کا عرصہ بہت کم ہے کیونکہ اس عرصہ میں بہت سی خواتین کو یہ معلوم نہیں ہو پاتا کہ وہ حاملہ ہیں۔
فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے اپنی ریاست میں زندگیاں بچانے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ قانون انسانی زندگی کے وقار کا دفاع کرے گا۔
فلوریڈا کے ایوان میں پیش کیے گئے بل کے حق میں 70 جبکہ مخالفت میں 40 ووٹ پڑے تھے جس کے بعد رات دیر گئے گورنر رون ڈی سینٹیس نے بل پر دستخط کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قانونی ماہر کیان مائیکل کا کہنا ہے کہ عورت کو انتخاب کا حق ہے لیکن انتخاب کرنے کا حق آپ کے جنسی تعلقات قائم کرنے سے پہلے شروع ہوتا ہے۔
نئے 6 ہفتے کے اسقاط حمل سے متعلق قانون کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے جس کا فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔
فلوریڈا کی اعلیٰ ترین عدالت اسقاط حمل سے متعلق اس بل کی سماعت کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ گورنر ڈی سینٹیس کے دستخط کردہ تازہ ترین قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھ ہفتے کی پابندی صرف اس صورت میں نافذ العمل ہو گی جب فلوریڈا کی اعلیٰ ترین عدالت 15 ہفتوں کے قانون کو برقرار رکھتی ہے جو پہلے سے موجود ہے۔