چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ہم ہم قانون کی حکمرانی کے لیے جنگ نہیں لڑیں گے تب تک ہم اوپر نہیں جا سکتے۔
زمان پارک میں شب دعا کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ غلام قومیں اوپر نہیں جا سکتیں صرف آزاد لوگ ہی اوپر جاتے ہیں اور آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا اس کے لیے پاکستانی قوم کو جدوجہد کرنا ہوگی۔
پاکستانیوں عدل و انصاف قائم کیئے بغیر ہم کبھی حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوسکتے۔ عمران خان #شب_دعا_زمان_پارک pic.twitter.com/frSiKK52gJ
— PTI (@PTIofficial) April 17, 2023
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے سنتے تھے کہ میں پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنا دوں گا اور لاہور کو پیرس بنا دوں گا مگر جب تک یہاں پر انصاف نہیں ہوگا ہم اوپر نہیں جا سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تاریخ اٹھا کر دیکھیں کہ جب بھی کسی ملک میں حکمران نے انصاف قائم کیا تو وہ ملک اوپر چلا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان میں جدوجہد کرنے کا وقت ہے کیوں کہ آج یہاں پر انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں اور بولنے والوں کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔
موجودہ نظام کے خلاف نہ لڑے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم موجودہ نظام کے خلاف نہ لڑے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کو سوچنا چاہیے کہ ہم کہاں سے کہاں پہنچ گئے ہیں۔ آج کی رات کی بہت بڑی فضیلت ہے کیوں کہ اسی رات قرآن مجید نازل ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں جو انقلاب لے کر آئے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ 622 سے 632 کے درمیان جنگوں میں 1200 سے 1300 لوگ مرے اور سارے عرب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر بیعت کر لی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ دین اسلام طاقت کے زور پر نہیں پھیلا۔ نبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم فکری انقلاب لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی آزادی کے لیے لڑنا جہاد ہے اور اس دوران اگر آپ کی موت واقع ہو جائے تو شہادت کے رتبے پر فائز ہو جاتے ہیں کیوں کہ غلام کی کوئی زندگی نہیں ہوتی۔
غلام انسان کی کوئی پرواز نہیں ہوتی صرف آزاد انسان کی پرواز ہوتی ہے کیونکہ وہ خوف کے بت پر قابو پا لیتا ہے۔ عمران خان #شب_دعا_زمان_پارک pic.twitter.com/UroGvEIRIW
— PTI (@PTIofficial) April 17, 2023
کلمہ طیبہ انسان کے دل سے خوف کا بت توڑ دیتا ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ لا الہ الا اللہ انسان کو آزادی دیتا ہے کیوں کہ خوف کا بت یہاں پر ٹوٹ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بڑے انسان کا بڑا کریکٹر ہوتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارد گرد جو لوگ تھے وہ لیڈر بن گئے۔
عمران خان نے مولانا رومی کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کو اللہ نے اڑنے کے لیے پَر دیے ہیں تو پھر زمین پر کیوں رینگتے ہو۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ برطانیہ میں میرا بڑا وقت گزرا ہے تو میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جو معاشرہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرے گا وہ اوپر جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ آج کی رات بڑی فضیلت والی ہے۔ ہم پاکستانیوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور قرآن مجید کے احکامات پر عمل کرنا ہوگا تب ہی کامیابی ممکن ہے۔
شب دعا کی محفل میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
زمان پارک: شب دعا کے سلسلے میں خصوصی دعا و استغفار۔ #شب_دعا_زمان_پارک pic.twitter.com/ZvsC6ZW5Hs
— PTI (@PTIofficial) April 17, 2023
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اعجاز چوہدری، فیصل جاوید، ابرار الحق اور علمائے کرام بھی شریک تھے۔