اس وقت کا انتظار کریں گے جب بھارت کو شکست دیں گے، وزیر اعظم کا قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 7 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا افتتاح کردیا ہے، اسٹیڈیم کی تعمیر نو 4 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، ایک ٹیم کے طور پر چاہے کنٹریکٹر ہیں، ورکز ہیں، محسن نقوی کی سرپرستی میں 117 دنوں میں ناممکن کام ممکن ہوا، جس پر وہ ڈبلیو ایف او اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ’شہباز اسپیڈ‘ اب ماضی کی بات ہے، اب میں ’محسن اسپیڈ‘ کی بات کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح آج، محسن نقوی کی افتتاحی تقریب کے لیے بہترین انتظامات کی ہدایت

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھرپور مدد کی ہے، میں آپ کا بھی اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز اسپیڈ تو ماضی کی بات ہے، میں اس حوالے سے محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔

اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مزدوروں نے دن رات محنت کی، محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھا کام کرتے ہیں انہیں لندن لے جاتے ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ ان 2500 مزدوروں کو بھی لندن کی سیرکروائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا آپ نے دل جیتا اور اب چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت) ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے آفیشل ترانے کا ٹیزر جاری، عاطف اسلم کی تعریفیں

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اپنے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی۔’اب ‘چیمیپیئن ٹرافی آپ کی منتظر ہے، چیمپیئنز ٹرافی جیت کر آپ نہ صرف قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ آپ بھارت کو شکست فاش ددے کر آپ 24 کروڑ عوام کا دل جیتیں گے۔

وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  ’اب بھارت سے میچ دبئی میں ہوگا، تو آپ مجھے بھی لے چلیں، اعظم صاحب آپ سے بڑی توقع ہے، کہاں ہے اعظم؟ رضوان کہاں ہے؟ آپ سے بڑی توقع ہے۔‘

شہباز شریف نے شاہین آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے سسر کے نقش قدم پر چلیں اور ’وکٹوں کے ڈھیر‘ لگادیں، چیمپیئن ٹرافی انشااللہ اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔‘

وزیراعظم نے ماضی میں قذافی اسٹیڈیم کے ایک میچ کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ مزید کہا کہ ایک واقعہ سنانا چاہتا ہوں، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ تھا، ڈرک مارکس ان کے بڑے لمبے ٹڑنگے بالر تھے، شفقت رانا (مرحوم) اسپن باؤلنگ کو اچھا کھیلتے تھے، لیکن فاسٹ باؤلنگ سے ہچکچاتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شفقت رانا نے 96 رنز بنا لیے، آخر اوور تھا ڈرک مارکس نے گیند کرائی شفقت نے بیٹ اوپر کیا اور بال چھوڑ دی، اگلے دن جب وہی باؤلر آئے، انہوں نے پھر بال کرائی، شفقت رانا نے شارٹ مارا اور وہ آؤٹ ہو گئے، انتہائی سست رفتاری سے ناامید ہو کر وہ پویلین کی طرف چل رہے تھے، جب پویلین پر پہنچے تو ان کا ایک بہت بڑا فین آگے بڑھ کر کہا کہ بیڈ لک، جس پر شفقت رانا نے کہا تھا کہ واقعی میں لک بڑا خراب ہے۔

’اسٹیڈیم کی تعمیر میں 2500 کے قریب مزدوروں نے حصہ لیا‘

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ تھا کہ ہم اس اسٹیڈیم کی تعمیر چیمپیئن ٹرافی سے قبل مکمل ہو، اس کی تعمیر میں 2500 کے قریب مزدوروں نے حصہ لیا، کئی مزدور 3 مہینے تک گھر نہیں گئے اور 16، 16 گھنٹے تک کام کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: قذافی اسٹیڈیم کا عمران خان انکلوژر: ’کیا یہاں بیٹھنے کی اجازت ہوگی؟‘

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم پورے کا پورا نیا بنایا گیا ہے، جس میں نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کا بھی کافی کردار ہے، پنجاب حکومت کی مدد نہ ہوتی تو یہ آج بھی کھنڈر ہوتا، پنجاب حکومت نے بھرپور تعاون کیا ہے، 30 سال بعد پاکستان میں ایک بڑا تورنامنٹ ہونے جارہا ہے۔

نامور گلوکاروں کی پرفارمس، شائقین جھوم اٹھے

اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ تقریب میں نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا، اس موقع پر شاقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، لیجنڈری گلوکار عارف لوہار کی شاندار پرفارمنس پر شائقین جھوم اٹھے،  معروف گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی پرفارم کیا۔

خیال رہے قذافی اسٹیڈیم کو مکمل طور پر منہدم کرکے نیا تعمیر کیا گیا ہے، 8 اکتوبر 2024کو تعمیراتی کام کا آغاز ہوا، اور 4 ماہ دن رات ایک کرکے اسٹیڈیم کو مکمل کیا گیا ہے۔

اسٹیڈیم کی گنجائش بڑھا کر 35 ہزار کردی گئی ہے اور ہر انکلوژر میں نئی کرسیاں نصب ہیں، 480 ایل ای ڈی لائٹس بھی لگائی گئی ہیں جبکہ شائقین کو بہترین ویو دینے کے لیے گراؤنڈ میں لگا جنگلہ ہٹادیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp