عمران خان کی جانب سے پنجاب میں الیکشن کے لیے پی ٹی آئی کے کئی نامور افراد کو ٹکٹ جاری نہ کئے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھانت بھانت کے تبصروں کا بازار گرم ہے۔
عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی کے جن افراد کو پنجاب الیکشن کے لیے ٹکٹ جاری نہیں کیے گئے ان میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر ، عمران خان کے سابق مشیر اور چیف پرٹوکول شہباز گل کا نام نمایاں ہے۔
چند روز پہلے مجھے خان صاحب نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے اور اس وقت پاکستان کا اب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے۔۔لہازا تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔ اگلے دن میں نے تمام صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔#خان_دا_آرڈر_لوہے_دا_گارڈر
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) April 21, 2023
اس حوالے سے سامنے والے مخالفانہ تبصروں کے بعد حماد اظہر نے اپنی ٹوئٹ میں واضح کیا ہے کہ ’ چند روز پہلے مجھے خان صاحب نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے اور اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے، لہذا تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔ اگلے دن میں نے تمام صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے‘۔
علاوہ ازیں پی پی 158 کماہاں کے پی ٹی آئی کارکنان نے زمان پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اور اس دوران مظاہرین کی جانب سے پیرا شوٹرز گروپ نہ منظور کے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے پی پی 158 سے مہر شرافت علی کو ٹکٹ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے عمران خان سے مہر شرافت علی سے ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی پی 158 کے کارکنان سے ہمیشہ ظلم کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے اس بار بھی پیرا شوٹر مہر شرافت علی کو ٹکٹ دے کر کارکنان کی حق تلفی کی ہے۔
مظاہرین کو کہنا تھا کہ پی پی 158 سے مہر شرافت کسی صورت قبول نہیں۔ عمران خان پی پی 158 سے کسی مقامی رہنما کو ٹکٹ دیں۔
دوسری جانب ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پی ٹی آئی میں بڑھتی ہوئی بے چینی پر پارٹی چیئرمین عمران خان کا پالیسی بیان سامنے آگیا ہے۔
اس حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر قائم کی جانے والی چار رکنی مفاہمتی کمیٹی کی جانب سے بھجوائی جانے والی درخواستوں پر نظرِثانی کے عمل کا آغاز کل سےکروں گا، جب کہ یہ عمل 26 اپریل تک جاری رہے گا۔