پاکستان کی شکست پر گلوکاری، شعیب ملک تنقید کی زد میں کیوں؟

پیر 24 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر جہاں قومی ٹیم کے مداح شدید مایوس ہوئے وہیں سابق کرکٹرز نے بھی ٹیم پر کھل کر تنقید کی سابق کپتان شعیب ملک نے تجزیہ کرتے ہوئے طنزاً بالی ووڈ کا گانا ’دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے‘ گانا گایا جس پر انہیں سابق کرکٹرز نے آڑے ہاتھوں لیا۔

سابق قومی کرکٹر اور تجزیہ کار باسط علی نے شعیب ملک کے پاکستانی ٹیم پر طنزاً گانا گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ  ’شعیب ملک کے گانا گانے پر پی سی بی کو ایکشن لینا چاہیے‘۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جن کو آپ 50 لاکھ روپیہ مہینے کا دیتے ہیں وہ ٹی وی پر بیٹھ کر آپ کا مذاق اڑا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک جو آپ کے پے رول پر ہیں وہ پاکستانی کرکٹ کا گانے گا کر مذاق اڑا رہے تھے۔

سکندر بخت نے مزید کہا کہ وقار یونس ٹی وی پر بیٹھ کر کہہ رہے تھے کہ میں کرکٹ بورڈ میں ہوں مگر مجھے خود نہیں پتہ کہ میں کیا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور انڈیا کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر ٹیم پورے 50 اوورز کھیلنے میں ناکام رہی، اور 49.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جبکہ جواب میں بھارت نے ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ بھی نیوزی لینڈ سے ہار گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp