آپ نے چوری کی بہت سی وارداتوں کے بارے میں سنا ہوگا کہ چور رقم یا سامان لوٹ کر لے گئے لیکن آج ہم آپ کو ایک انتہائی انوکھی چوری کی واردات کے بارے میں بتائیں گے جس میں چور نے خود 9 سال بعد پولیس کو گرفتاری دے دی اور اعتراف جرم کر لیا۔
چوری کی واردات کا یہ انوکھا کیس 18 جنوری 2016 کا ہے، جب ایک چور نے ہالینڈ کے جنوبی قصبے ٹرنوزن میں پیٹرول پمپ سے چند سو یورو چوری کر لیے تھے۔
کیشئر نے چور کی تفصیلات پولیس کو فراہم کیں جس پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تاہم وہ ملزم کو پکڑنے میں ناکام رہی، یوں یہ کیس حل نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چوری کی انوکھی واردات، چور ڈرامائی انداز میں دکان سے رقم لے اڑے
اب پولیس حکام نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ایک 28 سالہ شخص جو ’ارنہیم‘ میں رہتا ہے، وہ اپنے کیے پر پشیمان ہے اور ضمیر کے ملامت کرنے پر اس نے حال ہی میں اپنے آبائی شہر میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس شخص نے اپنے جرم پر پچھتاوا ظاہر کیا اور کہا کہ وہ چوری کی رقم واپس کرنا چاہتا ہے۔
اب پراسیکیوٹرز یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ اس کیس کے حوالے سے آگے کیا اقدامات کیے جائیں۔