پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی عمرہ ادائیگی کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز آج رات کو سعودی عرب سے پاکستان واپس پہنچیں گی، وہ غیرملکی ایئرلائن(سعودی ایئرلائن) کی پرواز ایس وی 738 کے ذریعے رات 12 بج کر 50 منٹ پر لاہور پہنچیں گی۔ ان کے ہمراہ ان کے دیگر اہل خانہ بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر 11 اور 12 اپریل کی درمیانی شب سعودی عرب گئی تھیں، انہوں نے رمضان المبارک کا آخری عشرہ اپنے والد نواز شریف و دیگر اہل خانہ کے ہمراہ حرمین شریفین میں گزارا۔
مریم نواز اور نواز شریف سعودی عرب میں شاہی خاندان کے خصوصی مہمان تھے، انہوں نے سعودی شاہی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
دوسری طرف سابق وزیر اعظم نواز شریف جدہ سے لندن کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کل ہی سے اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کریں گی۔