پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر گیمز کے لیے مفت انٹری کا اعلان کیا ہے، یہ میچز 9 اپریل سے شروع ہوں گے جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گا۔
پی سی بی کے ایک بیان کے مطابق ایونٹ کے آغاز سے قبل بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم کو شائقینِ کرکٹ کے لیے مفت کھول دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق، قذافی اسٹیڈیم ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران کل 8 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کوالیفائرز، کون سی ٹیمیں قسمت آزمائی کریں گی؟
افتتاحی میچ کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں دوسرا میچ 11 اپریل کو آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوگا جب کہ تیسرا میچ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان 13 اپریل کو ہوگا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔
پانچواں میچ 15 اپریل کو بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ہوگا جس کے بعد پاکستان کا میچ 17 اپریل کو تھائی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کریں گی
ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا ساتواں میچ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 18 اپریل کو شیڈول ہے اور فائنل میچ تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 19 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ راؤنڈ روبن ٹورنامنٹ میں کل 15 میچز قذافی اسٹیڈیم اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل سی سی اے) اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ان کوالیفائر میں سر فہرست رہنے والی 2 ٹاپ ٹیمیں بھارت میں ہونے والے آئندہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں اپنی جگہ بناسکیں گی، جو رواں برس سال اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔