چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران پورے ملک میں ایک ہی دن انتخابات چاہتے ہیں تو فوراً تاریخ کا اعلان کریں ورنہ ہم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور ساری قوم باہر نکلے گی۔
زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمارا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جنہوں نے پاکستان کو تباہ کیا اور آگے بھی اسی راستے پر گامزن ہیں اور اپنے مفادات پر لوگوں کو قربان کررہے ہیں۔
اگر انکو ملک کی فکر ہے تو انتخابات کا اعلان کر دیں لیکن انکی نیت ہے کہ لندن پلان پر عملدرآمد ہو۔ عمران خان pic.twitter.com/liQBNdlHi9
— PTI (@PTIofficial) April 28, 2023
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوگوں سے ووٹ کا حق چھینا جارہا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد لوگوں کا حق تھا کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں لیکن ایسا نہیں ہونے دیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ کسی جمہوریت میں لوگوں پر ایسا ظلم نہیں ہوا جیسا ہمارے کارکنوں کے ساتھ ہوا۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور یہ دوبارہ ایسے کریں گے کیوں کہ ہمارے مخالفین انتخابات میں شکست سے گھبرائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل 7 سے 8 لوگ ہیں جو ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں اور ان لوگوں کو تو فرق نہیں پڑتا کیوں کہ ان کی جائیدادیں اور بینک بینلس سب کچھ پاکستان سے باہر ہے اور جب بھی ملک پر مشکل وقت آئے یہ باہر بھاگ جاتے ہیں۔
سپریم کورٹ پر بہت پریشر، چیف جسٹس کو سلام پیش کرتا ہوں
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ پر بہت پریشر ہے اور میں اپنی قوم کی طرف سے چیف جسٹس پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں کیوں کہ انہوں نے آئین پاکستان کی خاطر اسٹینڈ لیا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ایک بار مشرف اور پھر جنرل باجوہ سے این آراو ٹو لیا جس سے پاکستان تباہی کی طرف چلا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں کہ ہم بجٹ کے بعد الیکشن کی تاریخ دیں گے تو میرا سوال یہ ہے کہ بجٹ میں آپ نے کرنا ہی کیا ہے؟ اگر آپ چاہتے ہیں کہ الیکشن ایک ہی وقت میں ہوں تو مئی کے پہلے ہفتے میں اعلان کردیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے مخالفین چاہتے ہیں کہ لندن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے پہلے پی ٹی آئی کو کریش کیا جائے اور اس کے بعد انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے گرفتار کرکے نواز شریف کو واپس لانے کا پلان ہے کیوں کہ یہ سب کچھ طے ہے۔
نواز شریف واپس آئے تو ہم دونوں کو ای سی ایل پر ڈال دیا جائے
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جب واپس آئے تو مجھے اور نواز شریف کو ای سی ایل میں ڈال دیا جائے تاکہ یہ انتخابات کے فوراً بعد بھاگ نہ سکیں۔
میں تجویز دیتا ہوں نواز شریف واپس آجائے اور ہم دونوں کا نام اگلی حکومت بننے تک ای سی ایل پر ڈال دیں۔ سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا گیا تو پوری قوم احتجاج کے لیے تیار ہے۔ عمران خان #قوم_مانگے_الیکشن pic.twitter.com/r7vsRAG1gO
— PTI (@PTIofficial) April 28, 2023
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے کل دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی تو پوری قوم نے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور قوم اس کے لیے تیار رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستانی قوم ایسے باہر نکلے گی کہ تاریخ یاد رکھے گی۔