رمیز راجا کا خیال ہے کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو ون ڈے فارمیٹ میں اپنی بولنگ رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجا نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران پاکستان کے نوجوان تیز گیند بازوں حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی باؤلنگ کی رفتار میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ ٹی 20 میں حارث رؤف کے یارکرز اور سلوئر بالز کافی موثر ہیں لیکن ون ڈے میں انہیں اپنی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف پر ایک سوالیہ نشان منڈلا رہا ہے کہ وہ لینتھ بولر کی طرح مؤثر نہیں ہیں۔ وہ یارکر اور سلوئر بال اچھی کرتے ہیں، ٹی 20 میں جب بلے باز ان گیندوں پر موقع لیتے ہیں تو وہ آسانی سے وکٹیں لے لیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے میں بولنگ مختلف ہوتی ہے جسے مؤثر بنانے کے لیے رفتار بڑھانے کی ضرورت پڑتی ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ مجموعی طور پر حارث رؤف کی رفتار میں کمی آئی ہے۔
مزید برآں سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شاہین آفریدی کو اپنی اوسط رفتار 136 سے بڑھانے کی ضرورت ہے اور اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ مزید ایک یا دو درجے اوپر جا سکتے ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ون ڈے میں شاہین اور حارث کے اسپیل کافی مہنگے تھے اس کے باوجود شاہین 63 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جب کہ حارث نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں لیکن 65 رنز دیے۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں فخر زمان کی سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔