بھارتی ایئر لائنز کو شمالی ہندوستان کے شہروں سے چلنے والی بین الاقوامی پروازوں کے لیے 77 کروڑ روپے کے اضافی ہفتہ وار اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی کے نتیجے میں نہ صرف ایندھن کی کھپت میں اضافہ بلکہ پرواز کے دورانیے میں زیادہ وقت لگے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرون ملک پروازوں کی تعداد اور پرواز کے وقت کے ساتھ ساتھ لگ بھگ اخراجات کی بنیاد پر سرسری حسابات کا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ اضافی ماہانہ آپریشنل اخراجات 306 کروڑ روپے سے زائد ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا پاکستانی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان نے ہندوستانی فضائی کمپنیوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔
متبادل پرواز کے راستے کے نتیجے میں دہلی اور شمالی ہندوستان کے شہروں سے بین الاقوامی پروازوں کو 90 منٹ تک اضافی پرواز کرنا پڑرہی ہے، بھارتی ایئر لائن انڈسٹری کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق شمالی امریکا کے لیے 16 گھنٹے کی پرواز کے لیے اضافی وقت تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: فضائی حدود کی بندش: بھارتی ایئرلائنز کی 800 سے زائد پروازیں متاثر، تاشقند اور الماتی پرواز معطل
اہلکار نے بتایا کہ اضافی ڈیڑھ گھنٹے کے لیے تقریباً 29 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جس میں راستے میں ہوائی اڈے میں تکنیکی رکاوٹ کی وجہ سے لینڈنگ اور پارکنگ کے چارجز بھی شامل ہیں، اسی طرح یورپ کے لیے 9 گھنٹے کی پرواز کے لیے اضافی پرواز کا وقت تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ہوگا اور اضافی لاگت تقریباً ساڑھے 22 لاکھ روپے ہوگی۔