امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبر رساں اداروں این پی آر اور پی بی ایس کو ’معتصب‘ قرار دیتے ہوئے انہیں ملنے والے تمام وفاقی فنڈز روکنے کے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران سے تیل خریدنے والے ملک پر پابندیاں لگائیں گے، ٹرمپ نے خبردار کردیا
ٹرمپ طویل عرصے سے ان دونوں خبر رساں اداروں ہدف تنقید بنائے ہوئے تھے، لہٰذا آج انہوں نے خصوصی حکم نامے پر دستخط کیساتھ کارپوریشن فار پبلک براڈکاسٹنگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ این پی آر اور پی بی ایس کو ملنے والی براہ راست فنڈنگ قانون کی اجازت کی حد تک بند کر دے۔
این پی آر اور پی بی ایس کو بالواسطہ عوامی فنڈنگ روکنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر میں سی پی بی کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پبلک ریڈیو اور ٹیلی ویژن اسٹیشنوں کے لائسنس اور اجازت نامہ کے ساتھ ساتھ اس کے فنڈز کے دیگر وصول کنندگان، دونوں خبر رساں ادارے وفاقی فنڈز کا استعمال نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:صدر ٹرمپ کے 100 دن مکمل ہوتے ہی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بھی فارغ
اس حکم کے تحت تمام ایجنسیوں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنظیموں کو دی جانے والی کسی بھی فنڈنگ کی نشاندہی کریں اور اسے ختم کر دیں۔
واضح رہے کہ سی پی بی کے کانگریس سے منظور شدہ 535 ملین ڈالر بجٹ کا 70 فیصد سے زیادہ براہ راست عوامی میڈیا اسٹیشنوں کو گرانٹس کے ذریعے جاتا ہے۔
این پی آر کے مطابق اس کے سالانہ آپریٹنگ بجٹ کا تقریباً ایک فیصد سی پی بی اور وفاقی ایجنسیوں اور محکموں سے گرانٹ کی شکل میں آتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں ٹرمپ نے ریپبلکنز پر زور دیا تھا کہ وہ پی بی ایس اور این پی آر دونوں کو چھوڑ دیں۔
ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریپبلکنز کو اپنے آپ کو این پی آر اور پی بی ایس سے مکمل طور پر الگ کر دینا چاہیے، یہ بنیاد پرست بائیں بازو کے وہ ادارے ہیں جو ہمارے ملک کو بری طرح نقصان پہنچاتے ہیں۔