پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام لاہور میں یوم مئی پر نکالی گئی ریلی لبرٹی چوک سے ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی ہے۔
یوم مئی کے موقع پر لاہور کے لبرٹی چوک سے تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز ہوا جس کی قیادت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کی۔
ناصر باغ میں ریلی کے اختتام پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ہم پر ایسے لوگوں کو مسلط کیا ہے جو مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں اور الیکشن تب کروانا چاہتے ہیں جب تحریک انصاف کو نقصان پہنچا کر کمزور کیا جا چکا ہو۔ ان لوگوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر ڈاکوؤں کی طرح حملہ کروایا۔ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے تاکہ تحریک انصاف کمزور ہو۔
لاہور میں یوم مئی پر نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔
اور انقلاب کیا ہے؟ #مزدور_ریلی_کپتان_کےسنگ pic.twitter.com/j6aOy4bcYu
— PTI (@PTIofficial) May 1, 2023
انہوں نے کہا کہ منگل کے روز ہونے والے مذاکرات میں ہم نے ایک ہی بات کرنی ہے کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں تحلیل کی جائیں تو ہم ایک ہی وقت میں انتخابات کے لیے تیار ہیں لیکن اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ابھی بجٹ پیش کریں گے اور ستمبر میں الیکشن کرائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے کیوں کہ جنگل کا قانون ہو گا تو ملک بنانا ریپبلک بن جائے گا اور یہاں پر کوئی سرمایہ کاری کے لیے نہیں آئے گا۔
مذاکرات ناکام ہوئے تو پنجاب اور کے پی میں انتخابات کا مطالبہ کریں گے
عمران خان نے کہا کہ اگر 14 مئی سے قبل اسمبلیاں نہ توڑی گئیں تو ہم سپریم کورٹ جائیں گے اور درخواست کریں گے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان لوگوں نے آئین توڑا اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف گئے تو ہم عوام کو لے کر سڑکوں پر نکل آئیں گے کیوں کہ موجودہ حالات کے باعث مہنگائی کی وجہ سے کسان اور عام آدمی کا برا حال ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکمران اگر صرف اپنی ہار کے ڈر سے انتخابات نہیں کرائیں گے تو میں اپنی قوم کی طرف سے ان چوروں اور ہینڈلرز کو خبردار کر رہا ہوں کہ ہم کسی صورت ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں آئین کی خلاف ورزی کی صورت میں اپنی قوم کو لے کر سڑکوں پر نکلوں گا اور ہم قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑیں گے کیوں کہ یہ حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم مئی کے موقع پر ہماری ریلی کمزور طبقے کے لیے ہے۔
قبل ازیں زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ سے لبرٹی چوک پہنچنے کے بعد وہاں موجود کارکنوں اور حامیوں سے اپنے مختصر خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آج سب کو پیدل مارچ کرنا ہے۔
’میرے نوجوانو مجھے خوف ہے آپ تھک تو نہیں جاؤگے۔ ہمیں اندھیرا سے ہونے سے پہلے ناصر باغ پہنچنا ہے۔ لوگ راستہ میں انتظار کر رہے ہیں جلدی چلیں۔‘
Historic crowd with Imran Khan in Lahore right now! #مزدور_ریلی_کپتان_کےسنگ pic.twitter.com/ygXGmSjyVU
— PTI (@PTIofficial) May 1, 2023
آج کی ریلی آئین کی خلاف ورزی کا سوچنے والوں کے لیے انتباہ ہے: عمران خان
ریلی کی قیادت کے دوران اپنے ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ یوم مئی کے موقع پر عوام نے بھرپور شرکت کی ہے اور یہ ریلی اور بھی زور پکڑ رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت ان لوگوں کے لیے انتباہ ہے جو سپریم کورٹ کے احکامات اور آئین کی خلاف ورزی کا سوچ رہے ہیں۔
Massive response from Lahore for our May Day rally – & this was at the start. Rally gaining even more momentum now. Let this be a warning to those who are thinking of defying SC & Constitution. Our ppl will not tolerate the mafia violating SC orders & Constitution by running pic.twitter.com/dpwndF980E
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 1, 2023
ان کا کہنا تھا کہ ہماری عوام سپریم کورٹ کے احکامات اور آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر پی ٹی آئی نے لاہور سمیت ملک کے تین بڑے شہروں میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
راولپنڈی میں شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی
دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت راولپنڈی میں اقبال پارک سے ریلی نکالی گئی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Scenes from Pindi as Vice Chairman @SMQureshiPTI leads a huge crowd! #مزدور_ریلی_کپتان_کےسنگ pic.twitter.com/LkuKNwVYnD
— PTI (@PTIofficial) May 1, 2023
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار انتخابات سے راہِ فرار چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی 2 نشستیں ہو چکی ہیں اور منگل کو تیسری نشست ہے جس کے لیے میں تیار ہوں لیکن اسحاق ڈار یہ بتائیں کہ کیا خواجہ آصف، احسن اقبال اور جاوید لطیف ان کی پارٹی کا حصہ نہیں؟ اور اگر ہیں تو مذاکرات میں رکاوٹ کیوں بن رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں تو مذاکرات کرنے سے انکاری کیوں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف انتخابات، مذاکرات اور تحریک کے لیے تیار ہے۔ ہم نے آج آئین بچاؤ ملک بچاؤ تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک کی معیشت تباہ ہو چکی۔ مہنگائی نئی حدوں کو چھو رہی ہے اور بیروز گاری بھی بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آج مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔ آج ملک میں مزدور کو مزدوری نہیں مل رہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکمران اقتدار کو دوام دینے کے لیے آئین کو پاؤں تلے روند رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے سے آئین کی تشریح کر دی ہے۔ آئین بنانے والے آئین شکنی کرتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔
پشاور میں پرویز خٹک کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی
اس کے علاوہ پشاور میں بارش کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پرویز خٹک نے کی۔
الیکشن کا اعلان ہونے تک بات چیت کامیاب نہیں ہو گی: پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر و سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام آئین بچانے کے لیے نکلے ہیں۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی نعرہ ہے کہ ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ یہ ڈرپوک اب غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے مہذب طریقے سے اقتدار کو چھوڑ کر انتخابات میں حصہ لیں۔ ان کو ملک کی نہیں اپنی چوری کی فکر ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ یہ ڈاکو اس ملک پر ڈاکہ ڈال کر بیٹھے ہیں۔ کب تک چھپیں گے آخر الیکشن تو کرانا ہی پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت انتخابات کے اعلان تک کامیاب نہیں ہو سکتی۔
نگران حکومت کی مدت ختم، کوئی آفیسر حکم نہ مانے: اسد قیصر
اس موقع سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ اگر کوئی افسر ان کا حکم مانتا ہے تو ان سے جواب طلبی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر حکمرانوں سے ایک ایک پائی وصول کریں گے۔
پشاور انتظامیہ کی پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کی مشروط اجازت
اس سے قبل پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے دن 3 سے شام 6 بجے کے دوران ریلی نکالنے کے لیے تحریک انصاف کو مشروط اجازت نامہ جاری کیا۔
این او سی کے مطابق یوم مزدور ریلی کوگلبہار پولیس اسٹیشن سے چوک یادگار تک جانے کی مشروط اجازت ہے۔ ریلی کے دوران حکومتی قوائد، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
اجازت نامے میں کہا گیا کہ سیاسی یا غیر سیاسی جماعت یا گروہ کی طرف سے ریاست مخالف نعرے، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش اور لے جانے پر بھی پابندی ہو گی۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری اجازت نامے کے مطابق ریلی میں آتش بازی کی اجازت نہیں ہو گی اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔