بھارتی جارحیت کے تناظر میں شہری دفاع اور عوامی آگاہی کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے اہم فیصلے کرتے ہوئے صوبے بھر کے اضلاع میں جاری کردہ ڈرون پروٹوکول پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیرِ صدارت پنجاب بھر کے کمشنرز اور آر پی اوز کے اہم اجلاس میں ڈرون پروٹوکول پر عملدرآمد کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کو محفوظ بنا کر بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہورمیں فوجی تنصیب پر ڈرون حملہ ہوا، انڈیا کی طرف سے ڈرونز بھیجنے کا عمل جاری ہے،جنہیں تباہ کیاجارہا ہے، آئی ایس پی آر
اجلاس میں ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹیوں کا اجلاس بھی فوری طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیکریٹری داخلہ نے ایمرجنسی صورتحال میں جاری کردہ ایس او پیز پر من وعن عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور جھوٹی اطلاعات کی جانچ اور روک تھام کی جائے، کسی بھی حملے یا ہنگامی صورتحال میں سائرن کا استعمال کریں، سول ڈیفنس عوامی دفاع کی مشقیں بڑھائیں اور شہریوں کو آگاہی دی جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مارگرائے جانیوالے اسرائیلی ساختہ ’ہیروپ ڈرونز‘ کیا ہیں؟
سیکریٹری داخلہ نےعوامی دفاع کے لیے سول ڈیفینس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس کو اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سیکیورٹی بڑھانے کا کہا ہے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ 24/7 مکمل طور پر ریڈ الرٹ رہے، عوامی رابطہ کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے، تمام ادارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت میں معاونت کریں۔