پاکستان سپریم کورٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں میں تخفیف کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتوں میں چھٹیاں کیوں ہوتی ہیں؟ آئینی، قانونی اور اخلاقی جواز کیا ہے؟
سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقدمات کے بیک لاگ کو کم کرنے کے لیے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے سپریم کورٹ رولز 4 آرڈر ٹو کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
موسم گرما کی چھٹیاں 16 جون سے شروع ہوں گی اور 8 ستمبر کو ختم ہو جائیں گی۔ چیف جسٹس نے تمام جج صاحبان کو ہدایت جاری کی ہے کہ کام کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوتے تمام ججز ایک ماہ کی چھٹی لیں اور 16 جون سے 8 ستمبر کے درمیان کوئی تاریخ بتا دیں جب وہ چھٹی پر جانا چاہتے ہیں۔
مزید برآں جج صاحبان 15 دن کے لیے اپنی مرضی کے اسٹیشن پر کام کر سکیں گے لیکن اس کے بعد انہیں پرنسپل سیٹ اسلام آباد پر آنا پڑے گا۔
آئینی بینچ کے ججز سے کہا گیا ہے کہ ان کی ایک ماہ کی چھٹیاں ان کے پاس زیرالتوا مقدمات سے مشروط ہوں گی۔
مزید پڑھیے: سپریم کورٹ نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 2 ماہ گرمیوں کی چھٹیاں ہوتی تھیں لیکن سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی چھٹیوں میں کمی کی تھی۔













