پاک بھارت کشیدگی کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب سے 2 ارب روپے کا انٹرنل سکیورٹی فنڈ جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ایمرجنسی حفاظتی انتظامات کیلئے 2 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو راشن، ادویات اور فیول سمیت ضروری سامان میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ فنڈز محکمہ داخلہ نے جاری کیے اور محکمہ فنانس نے آن لائن کر دیے۔
یہ بھی پڑھیے: آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص: بھارت کی سرسہ ائیر فیلڈ تباہ کر دی گئی
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فنڈز عوامی فلاح کے لیے ایمرجنسی انتظامات کے لیے دیے گئے ہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، سول ڈیفنس اور ریسکیو ہائی الرٹ پر ہیں اور افواج پاکستان بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔
ترجمان نے گزارش کی ہے کہ عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف مستند ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر یقین کریں، غیر ضروری طور سفر سے گریز کریں اور گھروں میں رہیں۔ سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔