اسلام آباد ہائیکورٹ کا علیمہ خان اور رؤف حسن کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم

منگل 13 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے رؤف حسن کا نام پی سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی۔

فیصلے میں رؤف حسن کو بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کی ہدایت کی گئی جبکہ ٹرائل کورٹ کو حکم دیا گیا کہ وہ رؤف حسن کی درخواست پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے، رؤف حسن

عدالت نے کہا کہ وکیل کے مطابق رؤف حسن کینسر سروائویر ہیں جنہیں چیک اپ کے لیے یو کے جانا ہے اور پٹیشنر پر ایف آئی اے کا مقدمہ ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وکیل نے دلائل دیے کہ محض مقدمہ درج ہونے پر کسی کا نام پی سی ایل میں شامل کرنا بلا جواز ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا نام بھی پی سی ایل اور پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ اس موقع پر وکیل ایڈوکیٹ علی بخاری، خالد یوسف چوہدری اور نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp