’ان پر غداری کا مقدمہ بننا چاہیے‘، پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر آفتاب اقبال پر شدید تنقید

منگل 13 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر صحافی و اینکرپرسن آفتاب اقبال پر پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

آفتاب اقبال کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں پاکستان کے خلاف باتیں کرتے سنا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا حملہ کر رہا ہے اور آپ کنی کترا رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی نیوکلیئر دھمکی کی بات ہوئی ہے وہ پاکستان کی طرف سے ہوئی ہے انڈیا نے تو اس حوالے سے کبھی کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ آفتاب اقبال نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’گودی میڈیا‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی میڈیا 2 کام نان اسٹاپ کیے جا رہا ہے ایک تو بھارت کی وار مشین کو دنیا کی تھڈ کلاس مشین ڈکلیئر کرنے میں لگا ہوا ہے اس سے قطع نظر کے ہمارا ایک سال کا بجٹ ان کے صرف رافیل طیاروں کا بل ہے‘۔ اور دوسرا کہہ رہا ہے کہ ’ہماری جنگی تیاری بھرپور ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح، ابرار الحق نے گانا ریلیز کردیا

بھارت کے ساتھ کشیدگی کے موقع پر یکجا ہونے والی قوم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کس شہر کی قوم آپ نے یکجا دیکھی ہے، ان کا کہنا تھا یکجا قوم ایسی ہوتی ہے۔ قوم تو کہہ رہی ہے کہ ہم ’نیوٹرل‘ ہیں۔

آفتاب اقبال نے کہا کہ قوم کہہ رہی ہے جس طرح آپ ہمارے ساتھ ہیں اسی طرح ہم بھی آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم مختلف طریقوں سے گونگلو سے مٹی جھاڑ رہے ہیں کیونکہ یہ ہماری مجبوری ہے کہ ہم اپنے مخالف کا ساتھ نہیں دے سکتے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر قوم خاموش ہے اس لیے یہ کہنا کہ قوم یکجا ہے انتہائی بھونڈی دلیل ہے۔

آفتاب اقبال کے پاکستان مخالف بیان پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان پر غداری کا کیس چلائیں جرم ثابت ہونے پر انہیں چند گھنٹوں میں غداری کی سزا سنا دی جائے تاکہ انہیں سننے والوں کو تو پتہ چلے کہ ریاست کے قانون کے تحت یہ کہاں کھڑے ہیں۔

محمد کامران نے لکھا کہ آفتاب اقبال پر غداری کا مقدمہ بننا چاہیے اور 1 ہزار سال کے لیے جیل میں ڈال دینا چاہیے ۔

فاروق بشیر نے لکھا کہ یہ پاکستان کا غدار ہے۔

ایک صارف نے آفتاب اقبال پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ دشمن سے زیادہ منافقین کا خاتمہ ضروری ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ جب دشمن سرحد پر حملے کے لیے صف آراء تھا اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی، تو آفتاب اقبال جیسے لوگ بھارت اور بھارتی رافیل طیاروں کی تعریف کرتے ملکی وحدت کو کمزور کرنے میں مصروف تھے یہ وہی سوچ ہے جو ہر قومی محاذ پر پاکستان کو ناکام دیکھنے کی خواہاں ہے۔ انہیں اچھی طرح پہچان جائیں۔

واضح رہے کہ آفتاب کچھ عرصہ قبل پاکستان سے دبئی شفٹ ہوگئے تھے، اور وہ اپنا مقبول شو خبرہار اب یوٹیوب پر کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp