بھارت دوبارہ پاکستان پر حملے کی غلطی نہیں کرے گا، چوہدری پرویزالٰہی

منگل 13 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت کو افواج پاکستان سے جتنی مار پڑچکی ہے اس کے بعد دوبارہ وہ پاکستان پر حملے کی غلطی نہیں کرے گا۔

لاہور میں احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان پر حملے کی غلطی کی تو پہلے سے زیادہ مار پڑے گی، بھارت سے کشیدگی کے دوران پوری قوم متحد تھی اور ہمیشہ رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کے بارے میں عوامی رائے کیا ہے؟

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑی، افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے آپس میں لاکھ اختلاف ہوں دشمن کے مقابلے میں ہم سب ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا بھی پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے، بھارت کو جو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعائیں پاک فوج کے ساتھ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کے خلاف شاندار آپریشن، حملوں کی تفصیلات جاری کردیں

ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ان کا نہیں خیال کہ بھارت دوبارہ پاکستان پر حملہ آور ہوگا، اگر بھارت ایسا کرے گا تو اس کو اس سے زیادہ مارے پڑے گی جتنی اب پڑی ہے۔

اس سے قبل پرویز الٰہی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی تیاری کے لیے مزید وقت درکار ہے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp