پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے دارالحکومت مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول چکوٹھی تک پاک فوج سے اظہارِ تشکر و یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت پارٹی کے مرکزی رہنما اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کی۔
ریلی میں ممبران اسمبلی سید بازل علی نقوی اور جاوید ایوب سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظفرآباد سے چکوٹھی تک کے سفر میں شرکا وطن سے محبت اور فوج سے عقیدت کے جذبات سے سرشار نظر آئے۔
چکوٹھی پہنچ کر ریلی ایک جلسے میں تبدیل ہوگئی، جہاں مقررین نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی شاندار کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
ریلی کے اختتام پر چکوٹھی میں اسپیکر لطیف اکبر اور دیگر وزرا نے فوجی جوانوں کو گلدستے پیش کیے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار قابلِ فخر ہے، چوہدری لطیف اکبر
اس موقع پر اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار قابلِ فخر ہے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی مذموم حرکت کی تو قوم اور افواج متحد ہو کر اس سے بھی سخت جواب دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بنیاد بنا کر بامقصد مذاکرات کا آغاز کیا جائے اور کشمیری قیادت کو ان میں شامل کیا جائے۔
چوہدری لطیف اکبر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ خطے میں امن کے لیے دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو نے عالمی میڈیا کے ذریعے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔
چکوٹھی میں ریلی کے اختتام پر فضا ’پاکستان زندہ آباد‘، ’افواج پاکستان زندہ آباد‘، اور ’چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر زندہ آباد‘ کے جذباتی نعروں سے گونج اٹھی۔