افواجِ پاکستان کی شاندار عسکری کامیابی، “معرکہ بنیان مرصوص” کی فتح پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور استحکام پاکستان، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔
ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ مساجد میں علمائے کرام، عوام الناس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ و دفاع کے عزم کو دہرایا۔
نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں معرکہ بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: مودی کا باپ بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، مولانا فضل الرحمان
علما کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ان کا نصب العین ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں یومِ تشکر پر پرچم کشائی، وزیراعظم کا خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تشکر کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی اور قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار عسکری کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے، اور ہمیں جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اپنے دفاع کا حق ہر حال میں محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے پاک افواج کی جرأت و پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر عسکری تاریخ میں نیا باب رقم کیا۔
مزار قائد اور مزار اقبال پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادریں
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کور کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
یوم تشکر ، وزیر اعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب، وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی۔ pic.twitter.com/5Ve1pZg1Go
— WE News (@WENewsPk) May 16, 2025
لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، فاتح خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
یومِ تشکر: وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی
معرکہ حق آپریشن “بنیان مرصوص” میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں آج یومِ تشکر کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جارہا ہے۔ یوم تشکر پر اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔ pic.twitter.com/A4Y9n2HFOW
— WE News (@WENewsPk) May 16, 2025
اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی گھن گرج سے ہوا، جس نے پوری قوم کے دلوں میں فخر، عزم اور ملی یکجہتی کی نئی روح پھونک دی۔ اسی طرح لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے یومِ تشکر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔
مزید پڑھیں: آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی، قوم کا افواج پاکستان سے والہانہ اور جذباتی اظہار یکجہتی
اس موقع پر پاک فوج کے چاق چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، اور ملک کے دفاع کے عہد کو ایک بار پھر دہرایا۔ جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر ناپاک نظر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کی فضائیں “نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر”، “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے توپوں کی سلامی کے مناظر دیکھے اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یومِ تشکر: سکردو کے طلبہ کا افواجِ پاکستان کو نغمے کے ذریعے شاندار خراجِ تحسین
سکردو: معرکہ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح بلتستان کے نوجوان بھی جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ اسوہ بوائز اسکول سکردو کے طلبہ نے یومِ تشکر کے موقع پر ایک پُراثر نغمے کے ذریعے افواجِ پاکستان سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی پٹھان کوٹ کو ٹارگٹ کرنے کی ویڈیو منظرعام پر
طلبہ کی جانب سے پیش کردہ نغمے کے بول “میرے وطن یہ عقیدتیں، وطن پر قربان” نے تقریب میں موجود تمام سامعین کے دل جیت لیے۔ یہ نغمہ صرف ایک فنکارانہ اظہار نہیں بلکہ پاک فوج کے ساتھ عوامی وابستگی، محبت اور فخر کا بھرپور عکاس تھا۔
اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور والدین نے طلبہ کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ یہ نوجوان نسل کا اپنے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا منفرد اور خوبصورت انداز ہے۔
یومِ تشکر کے سلسلے میں ہونے والی اس تقریب نے واضح کر دیا کہ پوری قوم، بشمول گلگت بلتستان کے نوجوان، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے متحد ہیں۔
یومِ تشکر: شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران کا خصوصی جرگہ، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر شمالی وزیرستان کے غیور قبائلی عوام نے وطن سے والہانہ محبت اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب: اسکولوں میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی
میرانشاہ میں منعقدہ اس جرگے میں قبائلی مشران، عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، جبکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ میجر جنرل عادل افتخار مہمانِ خصوصی تھے۔
میجر جنرل عادل افتخار نے قبائلی عوام کی جرات، تعاون اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں قبائلی عوام کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
جرگے کے شرکا نے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شہدا، خصوصاً آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لیے دعا کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے اللہ تعالیٰ سے رجوع کیا۔
شرکا نے واضح کیا کہ غیور قبائلی عوام اپنی درخشاں روایات کے مطابق ہر محاذ پر وطن کا دفاع کرنے والی فوج کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک بار پھر پیغام دے دیا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عوام مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔
اس موقع پر شرکا نے اعلان کیا کہ افواجِ پاکستان کی فتح پر شمالی وزیرستان بھر میں جشن منایا جائے گا اور خصوصی ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی مسترد کرتے ہیں، یوم تشکر پر صدر مملکت کا پیغام
صدر آصف علی زرداری نے ’یوم تشکر‘ کے موقع پر پاک فوج کے بہادر جوانوں اور پوری عسکری قیادت کو بھارت کے خلاف فتح کا جشن منانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں آپریشن بُنیان مرصوص کا جشن ہمارے لیے بہت بڑا لمحہ ہے۔ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر سپاہیوں اور پوری عسکری قیادت خاص طور پر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر زرداری نے کہا کہ یہ فتح نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کی ہے جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے درستگی، پیشہ ورانہ مہارت اور طاقت کے ساتھ بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیا۔
صدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کے ساتھ دیے گئے جواب کو دیکھا اور تسلیم کیا، ایسا جواب جس نے دشمن کو اپنی جارحیت روکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ثابت قدم رہے، ہم متحد رہے۔ اور ہم وقار کے ساتھ جیت کر ابھرے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، یا اپنے بنیادی قومی مفادات پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وطن کے خلاف کسی بھی جارحیت کا پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا، ہم اپنے خطے میں امن چاہتے ہیں۔ علاقائی امن و استحکام کے لیے ہمارے عزم کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
صدر زرداری نے کہا کہ ہم سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں ایسی کوئی شق نہیں ہے۔ پاکستان ہر قیمت پر اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام عناصر کو بروئے کار لائے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کی حیثیت سے میں آج اس بات کا اقرار کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے اور ہم مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمیشہ مضبوط چٹان کی طرح رہیں گے۔ا
اسلام آباد پولیس نے بھی یوم تشکر منایا
معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر اسلام آباد پولیس نے یوم تشکر منایا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پرچم کشائی کے بعد سلامی دی، آئی جی اسلام آباد نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
پولیس لائنز اسلام آباد میں نماز فجر میں افواج پاکستان کے شہدا کے لیے قرآن خوانی اور دعائیں کی گئیں، اس موقع پر آئی جی پولیس علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاک افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملادیا، اسلام آباد پولیس کا ہر جوان افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہے۔
قلات میں یومِ تشکر کی تقریب، پرچم کشائی، قرآن خوانی اور دعائیں
قلات میں یومِ تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں سے کیا گیا۔ ڈی سی کمپلیکس میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ اور ایس پی شہزاد اکبر نے پرچم کشائی کی۔ پولیس اور لیویز کے دستوں نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں ضلعی افسران، معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یومِ تشکر ملک کے دفاع میں پاک فوج کی جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، قوم متحد ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے سکتی ہے۔
اٹھمقام میں یومِ تشکر پر ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی
ضلع نیلم کے ہیڈ کوارٹر اٹھمقام میں یومِ تشکر کے موقع پر پاک فوج سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس میں طلباء، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے بھارتی جارحیت کے خلاف منہ توڑ جواب دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن سے نہیں ڈرتے اور ہر محاذ پر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: معرکہ بنیان مرصوص کی تکمیل پر آئی ایس پی آر کی جانب سے خصوصی نغمہ جاری
ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہوں گی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ یوم تشکر کی بڑی تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
تقریب میں تمام مکاتب فِکر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ مہمان خصوصی وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔