نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانیہ کی تعریف کیوں کی؟

جمعہ 16 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر برطانیہ کی تعریف کی ہے

جمعے کے روز نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی خارجہ سیکریٹری ڈیوڈ لیمی نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، وزارت خارجہ آمد پر اسحاق ڈار نے برطانوی سیکریٹری خارجہ کا پرجوش استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے خلاف صرف اپنا حق دفاع استمال کیا، اسحاق ڈار کی فرانسیی ہم منصب سے گفتگو

دونوں رہنماؤں میں گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے حوالے سے برطانیہ کے تعمیری اور مثبت کردار کی تعریف کی، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کی تمام جہتوں پر بات کی اور تجارت، معیشت اور تعاون میں دوطرفہ بڑھوتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لیمی نے جنوبی ایشیا اور خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم نے اپنی دفاعی صلاحیت کو منوالیا، بھارت سے مذاکرات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے برطانوی خارجہ سیکریٹری کو بتایا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف بلااشتعال جارحانہ اقدام اُٹھایا جوکہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ چارٹر اور بین المُلکی تعلقات کی اقدار کے خلاف تھا۔ جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت ایک محدود اور نپا تُلا جواب دیا جس میں سویلین آبادیوں کو بچانے کی پوری کوشش کی۔

اسحاق ڈار نے تعلیم، صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے برطانیہ کے کردار کی تعریف کی، دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp