پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ہمارا پانی روکا تو ایسا ردعمل دیں گے کہ اس کے نتائج دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے پانی کے معاملے پر بھارت کو واضح کردیا ہے، جس کے بعد فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ کوئی پاگل آدمی ہی 24 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا پانی روکنے کا سوچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی: پاکستان نے ہندوستان کا جھوٹ بے نقاب کردیا، ڈوزیئر جاری
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا وقت نہ آئے، لیکن اگر یہ وقت آگیا تو پھر دنیا دیکھے گی کہ ہم کیا کرتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے بھارت کے ساتھ جنگ بندی برقرار رہے گی، ہم سیاسی حکومت کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہیں۔ اگر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی تو ہم جواب دیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ ہم نے بھارت کے 6 جنگی جہاز تباہ کیے ہیں، اور میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا جہاز میراج 2000 تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہم مزید کارروائی کر سکتے تھے لیکن ضبط کا مظاہرہ کیا، حملوں کے باوجود پاکستان کے تمام فضائی اڈے مکمل طور پر فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی مسلمان نے پاکستان مخالف نعرہ لگانے سے انکار کردیا
انہوں نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا تنازع کی آگ بھڑکنے کا خطرہ موجود رہے گا، بھارت کی جانب سے کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش ناکام ہوچکی ہے۔