چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ساتھ کھڑا ہوگا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے دورے کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان پر حملہ ہوا تو چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا، چینی تجزیہ کار
چینی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہاکہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ کھڑا ہوگا، ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع، دیرپا جنگ بندی کے حصول اور بنیادی حل تلاش کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہاکہ چین اور پاکستان کو صنعت، زراعت، توانائی اور معدنی ذخائر کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا چاہیے، جبکہ دہشتگردی کے خلاف تعاون میں بھی اضافہ کرنا چاہیے۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر یو جیان چاؤ کے ساتھ ملاقات کی۔
اسحاق ڈار اور کمیونسٹ پارٹی کے وزیر یو جیان چاؤ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائےگا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی وزیر سے ملاقات کے دوران پاکستان کی خود مختاری اور بنیادی مفادات پر چین کی حمایت کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں چین پاکستان تجارتی کانفرنس، نئی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا آغاز
اس موقع پر چین کے وزیر یو جیان چاؤ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دے گا، چین پاکستان کا آئرن برادر ہے۔