خضدار میں اسکول وین پر خودکش دھماکا، 4 بچے جاں بحق، 38 زخمی

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع خضدار میں بدھ کی صبح ایک المناک سانحہ پیش آیا، جہاں زیرو پوائنٹ کے مقام پر اسکول جانے والے بچوں کی وین کے قریب خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار، یاسر دشتی نے وی نیوز کو تصدیق کی کہ دھماکا خودکش حملہ تھا، واقعے کی نوعیت اور دیگر پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) خضدار منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 بچوں کی حالت نازک ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتہاپسندوں کا بلوچستان میں مداخلت کا بڑا ثبوت سامنے آگیا

سیکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے کچھ مشتبہ مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسر 3 دہشتگرد ہلاک کردیے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خضدار دھماکے کی شدید مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں اسکول وین پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بچوں پر حملہ اور قومی سانحہ قرار دیا ہے۔

وزیرداخلہ نے دھماکے میں 4 بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کرکے اسکول جانے والے بچوں پر حملہ کیا۔

محسن نقوی نے واقعے کو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکول بس پر حملہ دشمن کی ایک مکروہ چال ہے جس کا مقصد ملک میں خوف، افراتفری اور بدامنی کو ہوا دینا ہے، لیکن قوم کے اتحاد سے ہم ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

وزیر داخلہ نے جاں بحق بچوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ محسن نقوی نے زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp