پاکستان پر حملہ کیوں؟ بھارتی نوجوان مودی سرکار پر برس پڑے

جمعرات 22 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی دہلی میں پاکستان کے خلاف مودی حکومت کی جارحانہ پالیسی پر بھارتی نوجوان نسل نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایک بھارتی نوجوان لڑکی کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں اس نے پاکستان پر حملے کو غیر ضروری اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مودی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

نوجوان لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کیا ہم نے آپ سے کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ کر دو؟ کیا پاکستان پر حملہ کرنے سے آپ نے کوئی ترقی کر لی ہے؟‘‘ اس نے واضح کیا کہ بھارت کے نوجوانوں کو جنگ نہیں بلکہ اچھی تعلیم، معیاری یونیورسٹیاں، اسپتال اور روزگار کی سہولتیں درکار ہیں۔ اس نے کہا کہ حکومت کو مندر بنانے کے بجائے تعلیم پر سرمایہ کاری کرنی چاہئے تاکہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکے۔

لڑکی نے حکومت پر کسانوں کے مسائل نظر انداز کرنے اور ان کے ساتھ معاشی استحصال کا الزام بھی لگایا۔ اس کا کہنا تھا کہ منڈیاں کسانوں کے گھروں کے قریب ہونی چاہئیں تاکہ وہ دربدر نہ ہوں۔ آپ کسانوں سے سستا مال لیتے ہیں اور مالز میں مہنگا بیچتے ہیں، ہمارا سارا پیسہ آپ کی جیب میں جاتا ہے، اور مندر بھی آپ نے اپنے فائدے کے لیے بنائے ہیں، عوام کے لیے نہیں۔

مزید پڑھیں: مودی حکومت کے بھارتی شہریوں پر جاسوسی کے بے بنیاد الزامات اور گرفتاریاں

اس نوجوان نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ مندر میں دیے جانے والے چڑھاوے کا پیسہ بھی عوامی فلاح کے بجائے انتخابی مہمات پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ اس نے دوٹوک انداز میں کہا کہ عوام کو مندر نہیں، تعلیم چاہئے تاکہ نوجوان پڑھے اور ملک ترقی کرے۔

نوجوان لڑکی نے مزید کہا کہ ہم ایسے لوگ نہیں جو گوبر یا گاؤ موتر کھاتے ہوں، ہم وہی کھاتے ہیں جو ہمارے کسان اگاتے ہیں۔ ہم ان جیسے نہیں جو جس تھالی میں کھاتے ہیں، اسی میں چھید کرتے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی نوجوان نسل مودی سرکار کے ہندوتوا نظریے اور پاکستان دشمنی پر مبنی پالیسیوں سے بیزاری کا اظہار کر رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نوجوان لڑکی کا یہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی عوام کا بڑا طبقہ اب جنگ نہیں، تعلیم، روزگار اور فلاحی ترقی چاہتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp