کراچی میں بارش کے دوران روڈ کارپیٹنگ کی ویڈیو وائرل، شہریوں کی شدید تنقید

جمعہ 27 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر شہر قائد کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ گرومندر کے قریب سڑک کی کارپیٹنگ کا کام جاری تھا کہ اسی دوران بارش ہو گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے انتظامیہ پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ پورے ملک کو پتہ تھا کراچی میں جمعرات سے اتوار تک بارشیں ہوں گی کیا حکومت کو نہیں پتا تھا جو اس دِن ہی سڑک بنانی تھی۔

عادل خان کا کہنا تھا کہ جون اور جولائی کے مہینے میں روڈ کارپیٹنگ کا کام ہوتا ہی نہیں ہے یہ جماعت اسلامی کے کارنامے ہیں، جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ان کو صرف بارش میں کام یاد آتا ہے ویسے یہ سوئے رہتے ہیں۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ کن نااہل لوگوں کو ملک پر مسلط کر دیا ہے۔ غضنفر عباس نے کہا کہ بارشوں کا ایک ہفتہ پہلے ہی بتا دیا گیا تھا تو یہ کام پہلے مکمل نہیں کیا جا سکتا تھا، جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ جو کہیں نہ ہو وہ کام کراچی میں ہوتا ہے۔

گرومندر پر بارش کے دوران کارپیٹنگ کی ویڈیو پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ٹیکنیکل سروسز طارق مغل کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور کارپیٹنگ کا کام محکمہ انجینئرنگ کی جانب سے جاری تھا۔

انہوں نے کہا کہ گرومندر کے قریب بھی روڈ کارپیٹنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری تھا کہ اچانک بارش کا آغاز ہو گیا۔ طارق مغل کے مطابق متعلقہ سڑک پر ڈامر ڈالنے کا عمل مکمل ہو چکا تھا جب بارش شروع ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر کام روک دیا گیا اور اسی دوران کسی شہری نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس سے غلط فہمی پیدا ہوئی کہ بارش کے دوران کارپیٹنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔

ڈی جی ٹیکنیکل کا مزید کہنا تھا کہ بارش کے مکمل اختتام تک کارپیٹنگ کا کام معطل کر دیا گیا ہے، اور آئندہ بھی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp