شہباز شریف کی شاہ چارلس سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کے ساتھ ملاقات کی ہے اور دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ برطانوی بادشاہ نے وزیراعظم سے بات چیت کے دوران اپنے سابقہ دورہ پاکستان کو یاد کیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعے کے روز لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کی تقریب میں شرکت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کی ہے اور لندن میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کامن ویلتھ ایونٹ کے دوران کنگ چارلس سے ملاقات کی اور انہیں پاکستانی عوام کی جانب سے ان کی تاج پوشی پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے بھی ملاقات کی ہے اور برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کی تاج پوشی کے لیے تقریبات کے بہترین انتظامات پر ان کو مبارکباد پیش کی اور کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے تاجپوشی کی تقریب کے موقع پر برطانوی وزیراعظم رشی سونک سے بھی ملاقات کی۔

 

تاج برطانیہ چارلس کے سر، شاہ کی شاہی میں جشن کا سماں

واضح رہے کہ ہفتے کے روز برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس کو تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہنایا گیا۔

شاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی تقریب لندن کے چرچ ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوئی۔ اس حوالے سے عوام میں بھرپور جوش و خروش پایا جاتا ہے اور جشن کا سماں ہے۔

شاہ چارلس سوئم برطانیہ کے 40 ویں بادشاہ اور کنسورٹ کمیلا سرکاری طور پر ملکہ کمیلا بن گئی ہیں۔ برطانوی شاہی نظام میں 70 سال بعد تاج شاہی کسی مرد کے سر پر سجا ہے۔

برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کی رسم تاج پوشی کے موقع پر تقریب میں جہاں دنیا بھر سے عالمی رہنما شریک ہوئے وہیں پر ان کے بیٹے شہزادہ ہیری نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp