ہندوستان کی خارجہ اور سفارتی پالیسی ناکام ہی نہیں، تباہ ہوچکی ہیں، بھارتی دفاعی تجزیہ کار کا اعتراف

پیر 30 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 11 برس میں بھارت کی خارجہ و دفاعی پالیسیاں ناکام ہی نہیں، مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہیں۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار  پراون ساہنی نے نریندر مودی حکومت کی گزشتہ 11 سالہ دفاعی و خارجہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پالیسیاں نہ صرف ناکام ہو چکی ہیں بلکہ مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ ان کے مطابق، اس زوال میں بڑا کردار ملک کے بعض مرکزی دھارے کے میڈیا اداروں کا بھی ہے، جن میں ریپبلک اور این ڈی ٹی وی جیسے چینلز شامل ہیں۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا ادارے، جنہوں نے زعفرانی نظریات کے زیرِ اثر کام کرنا شروع کیا، آج قوم کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بن چکے ہیں۔ یہ افراد ہی دراصل حقیقی قوم دشمن ہیں، یہ قوم کی زندگی میں بہتری لانے  کے بجائے اس کے زوال کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔

میڈیا پر عوامی شعور بگاڑنے کا الزام

پراوین ساہنی کے مطابق، میڈیا کو حکومت کی نگرانی کے بجائے ایک تعمیری نقاد کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا، لیکن افسوس کہ اس نے غیر تنقیدی اور چاپلوسانہ صحافت کے ذریعے قوم کو غلط معلومات اور جھوٹے فخر میں مبتلا کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے اگر یہ بتادیا کہ پاکستان نے کتنے جہاز گرائے تو بھارتی حکومت میرے پیچھے پڑجائے گی، بھارتی تجزیہ کار

قوم سے محبت کا اظہار

اپنی پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ میں نہ پاکستان کا ایجنٹ ہوں، نہ چین کا، اور نہ ہی کسی دشمن ملک کا۔ میں ایک سچا بھارتی شہری ہوں، جو چاہتا ہے کہ میری قوم ترقی کرے، سوچے، اور سچ کا سامنا کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp