جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائزمین سیمو مبامبو نے آج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ عسکری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقین نے دو طرفہ دفاعی روابط کو مزید وسعت دینے کے عملی اقدامات پر گفتگو کی اور موجودہ جیو اسٹریٹیجک حالات پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے 96 گھنٹے مکمل طور پر اپنے وسائل پر انحصار کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے خطے میں سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
جنوبی افریقی مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔
اس سے قبل مہمان شخصیت کی جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر ایک چاق چوبند تینوں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔