ملکہ الزبتھ کی شادی کے کیک کا نایاب ٹکڑا فروخت، خریدار نے کھانے کا منصوبہ بنا لیا

منگل 8 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 ملکہ الزبتھ اور پرنس فلپ کی شادی کے کیک کا نایاب ٹکڑا حال ہی میں حیران کن قیمت پر فروخت ہوا ہے، خریدار نے کیک کو اپنی سالگرہ پر کھانے کا پروگرام بنالیا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی نئی ملکہ کمیلا کون ہیں؟

یہ 78 سال پرانا فروٹ کیک الکحل میں بھگو کر محفوظ کیا گیا تھا، جو برسوں تک ایک دراز میں رکھا گیا۔ کیک کا یہ ٹکڑا بکنگھم پیلس میں ہونے والی شادی کی تقریب کے دوران چیف پیٹی آفیسر ایف لاؤنز کو دیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ ٹکڑا ان کے بیٹے، اور پھر بہو کو منتقل ہوا۔

4 انچ لمبا اور 3 انچ چوڑا یہ ٹکڑا ایک 9 فٹ لمبے شادی کے کیک کا حصہ تھا، اور اسے اس کی اصل ڈبیا میں محفوظ رکھا گیا تھا، جس پر چاندی کا تاج، ’ای پی‘ (الزبتھ اور فلپ کے ابتدائی حروف) اور شادی کی تاریخ درج تھی۔

یہ تاریخی کیک اب 27 ہزار پاؤنڈ میں گیری لیٹن نامی ایک شاہی مداح اور تاجر نے خرید لیا ہے، جو پہلے ہی پرنس چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ایک ٹکڑا اپنے پاس رکھتے ہیں۔

حیران کن طور پر 64 سالہ گیری لیٹن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے برس اپنی 65ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران اس کیک کا تقریباً ایک تہائی حصہ کھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تاج برطانیہ چارلس کے سر، شاہ کی شاہی میں جشن کا سماں

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ٹکڑا نہایت نایاب ہے اور شاید ملکہ الزبتھ دوم کے شادی کے کیک کا آخری موجود ٹکڑا ہے۔‘

یاد رہے کہ 1947 میں بننے والے اس شاہی کیک کے سیکڑوں اضافی ٹکڑے اُس وقت مختلف فلاحی اداروں اور تنظیموں کو تحفے میں بھیجے گئے تھے، جن کے ساتھ ہاتھ سے لکھی گئی تعریفی تحریریں بھی شامل تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp