کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں طالبعلم پر تشدد کرنے والے اسکول پرنسپل کو قتل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تربت: توہین مذہب کے الزام میں نجی اسکول کا استاد قتل
نجی اسکول کے پرنسپل سکندر شمیم کو 10 سالہ طالبعلم کے ماموں نے خنجر کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتارا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کلی لنڈی میں پیش آیا جہاں ملزم عطااللہ عرف شمس اللہ نے اسکول کے گیٹ پر پرنسپل پر حملہ کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
مقتول پرنسپل کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ طویل عرصے سے کچلاک کے مختلف اسکولوں میں تدریس سے وابستہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر شاہنواز قتل، پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ 2 جولائی کو پرنسپل کی جانب سے بچے کو تھپڑ مارنے پر مفتی محمود میموریل اسپتال نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو خط لکھ کر کارروائی کی سفارش کی تھی، تاہم بعد میں بچے کے والد نے راضی نامہ کرلیا تھا۔