نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کوالالمپور میں منعقدہ آسیان اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، دفتر خارجہ

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 11 جولائی 2025 کو کوالالمپور ملائیشیا میں ہونے والے آسیان ریجنل فورم (ARF) کے 32ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔

اس اہم اجلاس میں آسیان کے سیکریٹری جنرل سمیت فورم کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندگان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایشیا پیسفک خطے کو درپیش سیاسی و سلامتی کے امور پر بات چیت ہوگی جس کا مقصد امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان آسیان کے وژن کی حمایت میں ثابت قدم ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اپنے دورہ کوالالمپور کے دوران ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ سمیت دیگر شریک ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ آسیان ریجنل فورم 1994 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ خطے میں امن و سلامتی کے معاملات پر کثیرالملکی بات چیت کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان 2004 میں اس فورم کا رکن بنا اور تب سے اب تک اس کے اقدامات میں تعمیری کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp