اداکارہ حمیرا اصغر کی میت وصولی کے لیے لواحقین کا رابطہ

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے میت وصول کرنے کے لیے حکام سے رابطہ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کیسے واقع ہوئی؟ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے بہنوئی نے حکام سے رابطہ کر کے میت کی حوالگی کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کے والد اچانک انتقال کی خبر سن کر شدید ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے، اسی باعث ابتدا میں میت وصول کرنے سے انکار کیا گیا، تاہم اب وہ راضی ہو چکے ہیں اور جلد کراچی آ کر میت وصول کریں گے۔

یاد رہے کہ ابتدائی طور پر یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ اداکارہ کے اہلِ خانہ نے میت لینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ ان کے والدین سے کشیدہ تعلقات بتائے جا رہے تھے۔ تاہم اب مرحومہ کے بہنوئی نے حکام کو اطلاع دی ہے کہ وہ کل میت لینے آئیں گے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد تدفین کی جائے گی۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش بری طرح ڈی کمپوز ہو چکی تھی اور شناخت ممکن نہ تھی، جس کے باعث ان کا ڈی این اے سیمپل تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں: باپ کا لاش لینے سے انکار مگر حمیرا اصغر نے اپنے والد سے متعلق آخری انٹرویو میں کیا کہا تھا؟

واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp