پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی جانب سے دوست کو بھیجا گیا آخری آڈیو پیغام منظرِ عام پر آگیا۔
حمیرا اصغر کی دوست در شہوار نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا آخری آڈیو پیغام سنوایا جس میں وہ اپنی دوست سے دعاؤں کی اپیل کر رہی ہیں۔
آڈیو پیغام میں حمیرا نے اپنی دوست سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں تمہارا فون نہیں اٹھا سکی کیونکہ میں سفر میں تھی اور مصروف تھی لیکن میں بہت خوش ہوں کہ تم مکہ میں ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اہم انکشاف پر مبنی حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
حمیرا نے کہا کہ اپنی کیوٹ سی دوست کے لیے دل سے بہت سی دعائیں کرنا اور میرے کیرئیر کے لیے بھی دعا کرنا۔ در شہوار کے مطابق یہ وائس نوٹ انہیں حمیرا نے ستمبر 2024 میں بھیجا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے، جس کے مطابق ان کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی جبکہ نچلے جسم کا گوشت مکمل طور پر گل چکا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لاش ڈی کمپوزیشن کے آخری مرحلے میں تھی اور اس میں کچھ کیڑے بھی موجود تھے۔لاش کی حالت اس قدر خراب تھی کہ اس سے کسی بھی قسم کی جسمانی زیادتی یا تشدد کے شواہد کا تعین ممکن نہیں رہا۔