ایشین گرلز یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ میں فتح کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی مبارکباد معمہ بن گئی، ایونٹ کی آفیشل ٹیم سٹیڈنگ کے مطابق پاکستان ٹورنامنٹ میں چھٹے نمبر کی ٹیم رہی۔
27 جون سے 4 جولائی تک جنوبی کوریا کی میزبانی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں سنگا پور کی ٹیم پہلے، ملائشیاء دوسرے، سری لنکا تیسرے، ہانگ کانگ چوتھے، انڈیا پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ایشین نیٹ بال فیڈ ریشن کے زیر اہتمام کھیلا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے مالدیپ کو شکست دیکر ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ جیت لی
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی فتح کی باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی جس کے مطابق ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے مالدیپ کو 35کے مقابلے میں 60 پوائنٹس سے شکست دی۔ اسی پریس ریلیز کے مندرجات میں فیڈ ریشن کے چیئرمین، صدر اور سیکریٹری کی طرف سے ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جولائی 4 کو ایکس پوسٹ میں ٹیم کو ایشین گرلز یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ ‘جیتنے’ پر مبارکباد بھی پیش کی۔
انہوں نے لکھا، ‘پاکستان ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 جیت گیاپوری قوم کے لیے ایک قابل فخر لمحہ اور کھیلوں میں خواتین کے لیے ایک اور عظیم سنگ میل! پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کی خصوصی تعریف! بہت اچھاکھیلا۔’
یہ بھی پڑھیے: بھارتی ویزا نہ ملنے پر قومی خواتین نیٹ بال ٹیم ایشین چیمپیئن شپ میں شرکت سے محروم
وزیر اعظم شہباز شریف کی پوسٹ کو ایکس نے مینشن کیا اور اس پر کمیونٹی نوٹ جاری کیا جس کے مطابق ‘پاکستان دراصل چھٹے نمبر پر رہا۔ ٹورنامنٹ 2 ڈویژن یعنی کپ اور پلیٹ میں منعقد ہوا۔ پاکستان پلیٹ ڈویژن میں تھا جو چیمپئن شپ کا حصہ ہی نہیں تھا۔ اس حوالے سے وی نیوز نے پاکستان نیٹ بال فیڈ ریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں سے جاننے کی کوشش کی کہ یہ معمہ کیا ہے اور چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کے فاتح رہنے کی پریس ریلیز کیوں جاری کی گئی۔

مدثر آرائیں نے بتایا کہ جونیئر سطح پر کھیلا جانا والا ٹورنامنٹ 2 پول میں تقسیم تھا، جس میں کپ ڈویژن یا کپ پول اور پلیٹ ڈویژن یا پلیٹ پول شامل ہیں۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے پلیٹ ڈویژن میں شرکت کی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل کھیلا اور ٹرافی جیتی۔ پلیٹ ڈویژن کو کپ ڈویژن کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی کہا جا سکتا ہے کیوں کہ اس پول کی فاتح ٹیم اگلے سال کپ ڈویژن کھیلنے کی اہل ہوتی ہے۔
مدثر آرائیں کے مطابق پاکستان آئندہ سال کپ ڈویژن کھیلے گا۔ انہوں نے اس بات سے لاعلمی کا اظہار کیا کہ فیڈ ریشن کی طرف سے پریس ریلیز میں کوئی غلط بیانی کی گئی ہے۔












