اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2025 میں پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، اور اس موقع پر اسحاق ڈار نے عالمی امن، سیکیورٹی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران ان پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان اپنی صدارت کے دوران اقوام متحدہ میں منعقد کررہا ہے تاکہ عالمی سطح پر مثبت پیش رفت کو فروغ دیا جا سکے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنما آئندہ ہفتے نیویارک میں ہونے والی سلامتی کونسل کی سرگرمیوں کے دوران بالمشافہ ملاقات بھی کریں گے۔
مزید برآں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور اس کے عملے کو ان کے مینڈیٹ کی مؤثر انجام دہی میں پاکستان کی مستقل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔