کے پی میں ان ہاؤس تبدیلی کے حامی، گنڈاپور کو جی سر اور یس سر کہنے پر بٹھایا گیا ہے، عبدالغفور حیدری

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا وہ سیاسی قد نہیں کہ ان کے بیانات کا جواب دیا جائے۔ ان کے بقول علی امین گنڈاپور کو صرف ’یس سر‘ اور ’جی سر‘ کہنے کی اہلیت پر اس منصب پر بٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے، فضل الرحمان نے علی امین گنڈاپور حکومت کا تختہ الٹنے کی تجویز دیدی

پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی چاہتی ہے کہ خیبر پختونخوا میں اگر کوئی تبدیلی لائی جائے تو وہ جمہوری اور آئینی طریقے سے ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت گرا کر گورنر راج نافذ کرنا کوئی مناسب طریقہ نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سینیٹ انتخابات قریب ہیں، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے مشاورت جاری ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی ان سے رابطہ کیا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ جے یو آئی خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے حق میں نہیں، بلکہ وہ ان ہاؤس تبدیلی کی حامی ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ بہتر یہی ہے کہ علی امین گنڈاپور خود مستعفی ہو کر دوبارہ عوامی میدان میں آئیں تاکہ انتخابات میں مداخلت کا تاثر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان اپنی جماعت میں تبدیلی لے کر آئیں: گنڈاپور کو ہٹانے کی تجویز پر صوبائی حکومت سیخ پا

واضح رہے کہ اس سے قبل سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان بھی خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کی تجویز دے چکے ہیں، جس کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا اگر اپنے اندر تبدیلی لے آئیں تو یہ ان کے لیے بہتر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp