وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید مون سون کی لپیٹ میں ہے، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیگر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے بارش کے بعد چند گھنٹوں میں نکاسی آب کا عمل مکمل کر دیا ہے اور اس وقت لاہور کی تمام شاہراہیں کلیئر ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں ڈٹ کر کھڑا ہوں اور ساتھ ہی جیل میں سہولتیں نہ ہونے کا رونا بھی روتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ہر قسم کی سہولت میسر ہے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اس حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں: مائنس عمران خان ہماری لاشوں سے گزر کر ہوگا، علی امین گنڈاپور کا علیمہ خان کے بیان پر ردعمل
ان کا کہنا تھا کہ آج تو صورتحال یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے ٹویٹ کی اپیل کرنی پڑ رہی ہے اور علیمہ خان خود کہہ رہی ہیں کہ بانی کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا جائے۔ عظمیٰ بخاری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف یہ رہ گیا ہے کہ جیل میں جلسے کی اجازت مانگی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیرافورس قائم کر دی ہے جو ہنگامی حالات اور فتنہ و فساد سے نمٹنے کی مکمل تربیت رکھتی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا سے روزانہ کی بنیاد پر کرپشن کی داستانیں سننے کو ملتی ہیں اور عوام کرائے کے انقلابیوں کے جھانسے میں نہ آئیں جو روز نیا منجن بیچتے ہیں۔