70 کروڑ روپے غبن کرنے کا الزام، قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی کا ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس گرفتار

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے نے قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی نواب شاہ پر چھاپہ مار کر ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس قمر الدین شیخ کو گرفتار کرکے 4 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق نواب شاہ کی قائد عوام یونیورسٹی کے ملازم شاہنواز چنڑ کی شکایت پر کرپشن کرنے کے الزام میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کوہستان کرپشن اسکینڈل: 94 کروڑ روپے مالیت کی لگژری گاڑیاں، اربوں کی جائیدادیں برآمد، اہم گرفتاریوں کا امکان

ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس قمر دین شیخ کو 70 کروڑ روپے سے زائد کی  کرپشن کے الزام میں گرفتار کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بعد از گرفتاری ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس کا 4 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جانب سے قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی کو دیے جانے والے فنڈز میں کرپشن کی گئی۔

اس کے علاوہ خریداری کمیٹی کے ممبران ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم سومرو، چیئرمین سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر پردیپ کمار، چیئرمین ٹیلی کمیونیکیشن عدنان آرائیں، چیئرمین انوائرمنٹ انجینئرنگ عبدالناصر لغاری سمیت دیگر پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے کہا ہے کہ سامان کی خریداری جن کمپنیوں سے کی گئی ان کمپنیوں کے مالک اسرار اور سید منور کے خلاف بھی ایف ائی آر درج کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp