یومِ الحاقِ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے تاریخی فیصلے اور ان کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:یوم استحصال کشمیر: افواج پاکستان کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ
انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کر کے اپنی قسمت پاکستان سے وابستہ کرنے کا واضح اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کے مطابق بھارت کی جانب سے مسلط کیے گئے مظالم اور 10 لاکھ سے زائد قابض فوج کی موجودگی بھی کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبا نہ سکی۔ کشمیری عوام آج بھی وہی عزم اور حوصلہ رکھتے ہیں جو ان کے بزرگوں نے تقسیمِ ہند کے وقت ظاہر کیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے پرعزم ہے۔ دہائیوں سے جاری ان کی جدوجہد، بے مثال قربانیاں اور استقلال اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری قوم اپنی شناخت، آزادی اور خودمختاری کے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا کے پائیدار امن کی کلید ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔