وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے و سربراہ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ بلال اظہر کیانی نے پنجاب پولیس کے شہید کانسٹیبل حیدر علی حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے آبائی گاؤں سیداں والا، جلال پور شریف کا دورہ کیا۔

بلال کیانی نے سیلابی ریلے میں متعدد افراد کی جان بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وہ شہید کے گھر گئے، جہاں انہوں نے والدین و اہل خانہ سے ملاقات کرکے وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کے اہلکاروں سمیت سویلین کو شہید کرنے والے دہشتگرد جہلم سے گرفتار
وزیر مملکت نے شہید کی جرأت و قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حیدر علی حسین نے انسانی جانوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری کی نئی مثال قائم کی، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ شہید کے نام سے سیداں والا میں ایک یادگار تعمیر کی جائے گی اور علاقے کے مرکزی چوک کو شہید کانسٹیبل حیدر علی حسین کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت شہید پیکج کے تحت ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔














