بھارت کے معروف کرپٹو ایکسچینج CoinDCX پر ایک بڑا سیکیورٹی حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کمپنی کو قریباً 378 کروڑ روپے (44.2 ملین امریکی ڈالر) کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ حملہ ایک اندرونی آپریشنل اکاؤنٹ پر ہوا جو صرف لیکویڈیٹی فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا، اور اس سے صارفین کے والٹس یا فنڈز پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ CoinDCX کے شریک بانی سمت گپتا کے مطابق صارفین کے تمام اثاثے محفوظ ہیں اور کمپنی خود اس نقصان کا ازالہ کرے گی۔
مزید پڑھیں: کینیا کے حساس ادارے پر سائبر حملہ، تمام سروسز بری طرح متاثر
واقعے کے بعد صارفین کی جانب سے لاگ اِن کی سرگرمی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے عارضی طور پر سسٹم میں خلل آیا، تاہم اب تمام سروسز بحال کر دی گئی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹریڈنگ، روپے کی ڈپازٹس اور انخلا معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ 5 لاکھ روپے سے کم کی رقم 5 گھنٹے میں اور اس سے بڑی رقم 72 گھنٹوں میں نکلوائی جا سکے گی۔ CoinDCX نے واقعے کی اطلاع بھارت کے سائبر نگران ادارے CERT-In کو دے دی ہے اور 2 عالمی سطح کی سائبر سیکیورٹی ایجنسیوں کو تحقیقات کے لیے شامل کر لیا ہے، جن کی رپورٹ جلد عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔














